تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے میں پانی داخل ہونے کا واقعہ، تمام کارکن بحفاظت نکال لیے گئے: واپڈا

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے تصدیق کی ہے کہ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں کھدائی کے دوران پانی داخل ہونے کے واقعے کے بعد تمام کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

واپڈا کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کنیکٹنگ ٹنل کے دوسرے بینچ کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ گرنے سے انٹیک پٹ کا پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوگیا۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ زیرِ تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ٹی فائیو کی مرکزی سرنگ گرنے سے متعلق اطلاعات درست نہیں۔ واقعے کے نتیجے میں مرکزی سرنگ، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

واپڈا نے مزید تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا ہے۔

صورتِ حال کا جائزہ لینے اور منصوبے کو درپیش ممکنہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے واپڈا کے سینئر حکام، منصوبے کے انجینئر اور ٹھیکیدار مشترکہ طور پر جائزہ لے رہے ہیں۔

↑
Exit mobile version