پاکستان اور روس نے جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور روس کے وزیر داخلہ Vladimir Kolokoltsev کے درمیان وفود کی سطح پر ہونیوالی بات چیت کے دوران طے پایا۔
ملاقات میں منظم جرائم کی روک تھام کیلئے اشتراک اور معلومات کے تبادلے کے ایم او یو پر دستخط کرنے، ایکسٹراڈیشن اور مجرمان کے تبادلے پر معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور ری ایڈمیشن معاہدے پر جلد عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اینٹی نارکوٹکس فورس اور روس کے متعلقہ اداروں کے مابین تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپ ایک دوسرے کے ممالک کا جلد دورہ کریں گے۔
