پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت، جامع اور تعمیری کردار کے عزم کا اعادہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی صدارت کے دوران پاکستان کے کھلے، جامع اور تعمیری کردار کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں SCO کے رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں، تنظیم کے سیکریٹریٹ کے سینئر نمائندوں اور علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے پاکستان کی زیر صدارت قومی رابطہ کاروں کی کونسل کے پہلے اجلاس میں شرکا کا خیرمقدم کیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان کی SCO صدارت کے موضوع "Turning Vision into Action: Connectivity, Innovation, and Shared Prosperity” کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے باہمی اعتماد، باہمی فائدے، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی پر مبنی "شنگھائی اسپرٹ” کے اصولوں کے تحت پاکستان کی صدارت کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے اگلے سال اسلام آباد میں SCO سربراہانِ مملکت کے اجلاس کی میزبانی کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی اور کامیاب صدارت کے لیے رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر زور دیا۔

↑
Exit mobile version