پٹرول سبسڈی اسکیم، عوام کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرول سبسڈی حاصل کرنے کے لیے انتظامیہ کے افسران، رضاکاروں اور پٹرول پمپ عملے پر مشتمل فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے وزیراعظم اسپیشل ریلیف اسکیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فسیلیٹیشن ڈیسک پر موجود عملہ اہل شہریوں کی رہنمائی کرے اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری کارروائی مکمل کرنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے بھی فعال اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پائلٹ مرحلے کے آغاز کے بعد اب یہ اسکیم آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں شروع کر دی گئی ہے۔

رجسٹریشن کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں، جن میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کی نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔

اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو ایندھن پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

Exit mobile version