
پولی کلینک اسپتال میں فائر اینڈ سیفٹی انتظامات ناکافی، 5 لاکھ روپے جرمانہ
ایگزٹ سائن ان اور ہنگامی اخراج کے محفوظ راستے بھی فوری بہتر بنانے کا حکم، اصلاحات مکمل ہونے کے بعد پولی کلینک کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، سی ڈی اے فائر سروس
وفاقی دارالحکومت کے بڑے سرکاری اسپتال پولی کلینک میں فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات ناکافی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسپتال انتظامیہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
سی ڈی اے کے مطابق پولی کلینک اسپتال کو فائر سیفٹی سے متعلق خامیاں دور کرنے کے لیے پہلے بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم مطلوبہ اصلاحات نہ کیے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کو جرمانے کی رقم 7 روز کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے پولی کلینک میں موجود فائر سیفٹی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے فائر ڈیٹیکشن اینڈ الارم سسٹم، فائرفائٹنگ سسٹم اور ایمرجنسی لائٹنگ کو فعال اور درست حالت میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ اسپتال میں ایگزٹ سائنز اور ہنگامی اخراج کے محفوظ راستوں کو بھی فوری بہتر بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کا محفوظ انخلا یقینی بنایا جاسکے۔
سی ڈی اے فائر سروس نے اصلاحاتی اقدامات کی تکنیکی اور دستاویزی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ حکام کے مطابق پولی کلینک انتظامیہ کی جانب سے تمام خامیاں دور کیے جانے کے بعد اسپتال کا دوبارہ فائر سیفٹی معائنہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سی ڈی اے کے فائر آڈٹ میں پولی کلینک میں متعدد فائر اور لائف سیفٹی خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ آڈٹ میں فائر الارم اور ڈیٹیکشن سسٹم، فائر فائٹنگ سہولیات، ایمرجنسی ایگزٹس، ایمرجنسی لائٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ اسپتال میں فائر اور لائف سیفٹی کے تقاضوں پر عملدرآمد اور خامیوں کا بروقت ازالہ ناگزیر ہے، جبکہ اصلاحات مکمل ہونے کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔















