آسان ٹیکس اسکیم کا مقصد ٹیکس دائرہ کار وسیع کرنا ہے، بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حال ہی میں نافذ کی گئی آسان ٹیکس اسکیم کا مقصد تاجروں اور دکانداروں کے لیے ٹیکس کے طریقہ کار کو آسان بنانا اور ملکی ٹیکس دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔

کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی تاجر و دکاندار تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم کاروباری برادری کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل سادہ اور صارف دوست بنایا گیا ہے، جبکہ اردو زبان میں آن لائن فارم کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکاندار اپنی سالانہ ظاہر کردہ سیلز ٹرن اوور پر صرف ایک فیصد سادہ ٹیکس ادا کریں گے، جبکہ یوٹیلیٹی بلوں کے ذریعے کٹوتی کی جانے والی ٹیکس رقم مکمل طور پر قابلِ ایڈجسٹ ہوگی۔

وزیر مملکت نے مزید اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر افسران ہر ماہ ایک ہفتے کے لیے کراچی میں موجود رہیں گے تاکہ کاروباری برادری کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور تاجروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

Exit mobile version