
پاکستان اور کویت کے درمیان پروٹوکول معاہدہ 2026 پر دستخط
پاکستان اور کویت نے موجودہ دفاعی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت دینے کے لیے ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط کر دیے۔
معاہدے پر دستخط وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے کویتی وفد کے درمیان ملاقات کے دوران کیے گئے۔ کویتی وفد میں مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی، جن میں تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات میں موجود گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں جانب سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے معاملات زیرِ غور آئے۔















