
کویتی وزیر دفاع کی آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات
کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
کویتی وفد میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کویت کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل برتری اور قابل قدر خدمات کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط، دیرپا اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جو خطے میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔















