بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

برطانیہ علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کا معترف

برطانیہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا ہے۔

برطانوی وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈاؤٹی نے لندن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں برطانوی وزیرِ مملکت نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنے میں برطانیہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

دونوں جانب سے مشرقِ وسطیٰ اور افغانستان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت اجاگر کی۔

ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون وسعت دینے، موسمیاتی تعاون مضبوط بنانے اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

نائب وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہم خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button