اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں اقتصادی اشاریے مسلسل مثبت سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ پیش کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق خلیجی جنگ کے باعث پاکستانی معیشت پر پڑنے والا دباؤ دور ہو چکا ہے اور بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل دور میں حکومت نے سپلائی چین کو بحال رکھنے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری پر قابو پانے کی کوشش کی۔

ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جولائی میں مہنگائی کم ہو کر 9.2 فیصد رہ گئی، جبکہ رواں سال مئی میں یہ شرح 11.7 فیصد تھی۔

احسن اقبال کے مطابق بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں مثبت رجحان برقرار ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ جولائی میں ترسیلاتِ زر 3.6 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے صنعتی پیداوار میں بھی مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال بڑی سطح کی صنعتی پیداوار 5 فیصد بڑھی ہے، جس سے ملک کی برآمدات میں اضافے میں مدد ملے گی۔

Exit mobile version