وزیراعظم نے پنشنرز کے لیے جدید ’’پروف آف لائف‘‘ سرٹیفکیٹ نظام کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنشنرز کی سہولت کے لیے جدید ’’پروف آف لائف‘‘ سرٹیفکیٹ نظام کا افتتاح کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام سے سول اور فوجی پنشنرز، بالخصوص بزرگ افراد، خواتین اور معذور افراد کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے پنشنرز کی مشکلات کم کرنے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کو ایک نیک عوامی خدمت قرار دیا۔

شہباز شریف نے اس عوام دوست نظام کی تیاری میں متعلقہ اداروں، بالخصوص چیئرمین نادرا، کے کردار کو سراہا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور نظام میں شفافیت لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد عوامی خدمات کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے جبکہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق ہر چھ ماہ بعد بینک جانے کی شرط بالخصوص ان پنشنرز کے لیے مشکل کا باعث بنتی تھی جن کے فنگر پرنٹس کی تصدیق نہیں ہو پاتی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ نئے نظام کے بعد تمام بینکوں کو آگاہ کیا جائے گا کہ صرف فنگر پرنٹس کی تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر پنشن کی ادائیگی بند نہ کی جائے۔

Exit mobile version