وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خوراک کے معیار، مقدار کی یقین دہانی اور تحفظ کے لیے جامع قومی فریم ورک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں قومی قیمتوں کی نگرانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (PCSIR) کی جانب سے بناسپتی گھی، خوردنی تیل اور دودھ سے تیار کردہ مصنوعات کے مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔
احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر مربوط معیارِ خوراک کنٹرول کا نظام وضع کرنے اور خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر سے نمٹنے کے لیے واضح طریقہ کار بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اوگرا کی جانب سے مقررہ ایل پی جی نرخوں اور مارکیٹ قیمتوں میں فرق سے متعلق رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے وزیرِ پیٹرولیم کو معاملہ اٹھانے اور اوگرا کے ساتھ مشاورت سے واضح رہنما اصول مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
احسن اقبال نے وزارتِ پیٹرولیم اور اوگرا کو اجلاس منعقد کرکے تین روز کے اندر معاملہ حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
