وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خلا میں موجود پاکستان کے پہلے خلا باز سے براہِ راست گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج اسلام آباد میں سپارکو کے دورے کے دوران چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے محمد ذیشان علی پر بے پناہ فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے انسانی خلائی مشن کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان علی خلا سے جو علم اور تجربہ حاصل کرکے واپس آئیں گے، وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں پاکستان کی ترقی کے لیے ایک اہم باب ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی کا خلائی سفر اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان بیرونی خلا کو پُرامن مقاصد اور پوری انسانیت کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ چین کے باصلاحیت سائنس دانوں کے ساتھ کیے جانے والے سائنسی تجربات صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کے علمی ذخیرے میں بھی اضافہ کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دی جاتی ہے، تاہم اب یہ دوستی آسمانوں سے بھی آگے نکل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی خلائی مشن دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انجام دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت اور پاک چین دوستی کے لیے غیر متزلزل عزم نے دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی آزمائش پر پورا اترنے والی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو اپنے خلائی پروگرام میں پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا اعزاز دیا، یہ بے مثال اقدام پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اس تاریخی کامیابی کو بنیاد بنا کر مستقبل میں مزید بڑی کامیابیاں حاصل کرے گا۔

شہباز شریف نے زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو مبارک باد دی اور ان کے چینی ساتھی خلا بازوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو محمد ذیشان علی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن میں ذیشان علی کی موجودگی پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعاون اور مضبوط دوستی کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کا کوئی ثانی نہیں۔ یہ دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور اب کائنات کی وسعتوں کی طرح لامحدود ہو چکی ہے۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں بلکہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

ذیشان علی نے بتایا کہ تمام امور منصوبے کے مطابق اور بخوبی جاری ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داریاں اور سائنسی تحقیق پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے آنے والے دور کے خلا باز، انجینئرز اور سائنس دان خلا میں مزید دور تک سفر کریں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے کائنات کی مزید کھوج لگائیں گے۔

قبل ازیں اپنے ابتدائی خطاب میں چیئرمین سپارکو نے بتایا کہ محمد ذیشان علی خلائی اسٹیشن میں پاکستانی جامعات کے تیار کردہ چار سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ قیادت کی معاونت سے پاکستان کا خلائی پروگرام مسلسل ترقی کر رہا ہے۔

↑
Exit mobile version