حکومت نے چھوٹے دکانداروں اور پرچون فروشوں کے لیے آسان فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرا دی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں ایف بی آر کی ریٹیلرز اسکیم ایپ کا افتتاح کیا۔
ریٹیلرز اسکیم ایپ کے ذریعے چھوٹے دکانداروں اور پرچون فروشوں کو فکسڈ ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹر کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم تاجروں اور چھوٹے دکانداروں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے دکانداروں کو یقین دلایا کہ اسکیم کے تحت انہیں کسی مسئلے یا ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
محمد اورنگزیب نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ریٹیلرز اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایپ کی اہم خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروباری حجم رکھنے والے ریٹیلرز کو آسان رجسٹریشن اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
وزیر خزانہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹرن آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
