صوبے کو خطے میں لائیو اسٹاک کا مرکز بنانا حکومت کا ہدف ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کو خطے میں لائیو اسٹاک کا مرکز بنانا حکومت کا ہدف ہے، جبکہ پنجاب سے مویشیوں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت لائیو اسٹاک فارمرز کو قومی برآمد کنندگان اور بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک کرنا چاہتی ہے تاکہ مویشی پالنے والے کسانوں کو اپنی پیداوار کی بہتر مارکیٹنگ اور فروخت کے مواقع میسر آسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے دوران 4 لاکھ مویشی پالے گئے، جس سے لائیو اسٹاک فارمرز کو ایک ارب روپے کا منافع حاصل ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے ہر فارمر کو فی جانور 27 ہزار روپے کا منافع حاصل ہو رہا ہے۔

بیان کے مطابق لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار مویشی برآمد کیے گئے، جس کے نتیجے میں پنجاب سے لائیو اسٹاک کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔

مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دے کر کسانوں کی آمدن بڑھانے، برآمدات کو فروغ دینے اور پنجاب کو خطے میں مویشیوں کی پیداوار اور تجارت کا اہم مرکز بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

↑
Exit mobile version