
ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت، وزیر ریلوے کا اطمینان کا اظہار
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لیے مین لائن ون (ML-1) منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے ٹرینوں کی رفتار میں اضافہ ہوگا، مسافروں کی سہولیات بہتر ہوں گی اور پاکستان ریلوے کی مجموعی کارکردگی مضبوط ہوگی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ منصوبے کے ہر مرحلے میں میرٹ، شفافیت اور مسابقت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین پاکستان ریلوے سید مظہر علی شاہ کی زیر صدارت ایم ایل ون منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کے اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ ایم ایل ون منصوبے کا جائزہ مرحلہ رواں سال 30 اکتوبر تک مکمل کیا جائے۔















