پاکستان اور انڈونیشیا کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور انڈونیشیا نے ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

یہ پیش رفت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو کے درمیان آج ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری روابط سے متعلق بدلتی ہوئی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔

انڈونیشیا کے وزیر خارجہ نے مکالمے کے فروغ اور امن و استحکام کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے تعمیری اور اہم کردار کو سراہا۔

دونوں ممالک نے باہمی تعاون کے اہم ترجیحی شعبوں میں مزید پیش رفت اور قریبی رابطوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version