وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کی آبادی کی استعدادِ کار کو پائیدار خوشحالی، جامع ترقی اور طویل مدتی اقتصادی استحکام میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں” ایک قوم، ایک اہم موڑ پر،، کے موضوع پرڈویلپمنٹ ایڈووکیٹ پاکستان کے پچاسویں اشاعت کے اسٹرٹیجک مکالمے اور آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان اقدام اور 5Es نیشنل ڈویلپمنٹ فریم ورک کا مقصد برآمدات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال ، موسمیاتی استحکام، توانائی، بنیادی ڈھانچے، مساوات اور لوگوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اصلاحات کے ذریعے ادارہ جاتی مسائل حل کرنا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تعلیم، صحت، آبادی کے انتظام، صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے اڑان پاکستان کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو ”سماجی تبدیلی کے سفیر ” کے طور پر تربیت دی جائے گی۔
