آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم، بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق جنوب مشرقی سندھ، بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان کے چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوب مشرقی سندھ، آزاد کشمیر، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 25، لاہور اور پشاور میں 27، کراچی میں 28، کوئٹہ اور مظفرآباد میں 23، گلگت میں 22 جبکہ مری میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے لیے بھی جزوی ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ سرینگر، جموں، لیہہ اور اننت ناگ میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ پلوامہ، شوپیاں اور بارہ مولہ میں ہلکی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق سرینگر، شوپیاں اور بارہ مولہ میں 19، جموں میں 24، لیہہ میں 11 جبکہ پلوامہ اور اننت ناگ میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Exit mobile version