پاکستان میں سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اسپیکر نے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو پاکستان میں سعودی سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
ایاز صادق نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی سفارتی مدت کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہب، اخوت، محبت، باہمی اعتماد اور احترام کے لازوال رشتوں پر استوار ہیں۔
سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا۔
سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط، باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہیں۔
انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
