بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا دہشت گرد حملہ ناکام، چار خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش بروقت ناکام بناتے ہوئے چار خوارج کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان کی ایک چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بارودی مواد سے بھری دہشت گردوں کی گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ چیک پوسٹ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے باقی تین دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جو قریبی عمارت میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد کا خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button