وزیراعظم شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت پر مبنی وزیراعظم آفس سسٹم (PMOS) کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی پرائم منسٹر آفس سسٹم (PMOS) کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے ڈیجیٹل نظام کو فوری اور مکمل طور پر نافذ کیا جائے، جبکہ روایتی کاغذی دفتری نظام کو ختم کرکے ڈیجیٹل طریقہ کار اپنایا جائے۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ PMOS ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو وزیراعظم کی جانب سے جاری ہونے والی ہر ہدایت کو ریکارڈ، متعلقہ اداروں تک پہنچانے، اس پر عمل درآمد کی نگرانی اور پیش رفت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے بعد وہ کسی بھی سرکاری افسر کے ہاتھ میں فائل دیکھنے کی توقع نہیں رکھتے، کیونکہ تمام امور اسی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور سیکریٹری آئی ٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس نظام کی تیاری اور مؤثر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف نے تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس پلیٹ فارم کو فوری طور پر اپنائیں تاکہ حکومتی کارکردگی، شفافیت اور نتائج کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم کو اے آئی پر مبنی اس پلیٹ فارم اور اس کے مقاصد پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ PMOS پاکستان کا پہلا سرکاری پلیٹ فارم ہے جس میں مصنوعی ذہانت کو فیصلہ سازی اور عمل درآمد کی نگرانی کے بنیادی جزو کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جو وفاقی حکومت کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

بریفنگ کے مطابق یہ نظام وزیراعظم کی ہدایات کو تمام سرکاری اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچانے، مقررہ معیار کے مطابق بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے اور محفوظ آئی ٹی ماحول میں تجزیاتی معلومات کے ذریعے فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرے گا۔

مزید بتایا گیا کہ PMOS حکومتی پالیسیوں کا مسلسل جائزہ لینے، انسانی، مالی اور تکنیکی وسائل کے بہتر استعمال اور معاشی نتائج میں بہتری لانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

اس نظام کے تحت وزیراعظم کی ہر ہدایت اور اس پر عمل درآمد کے مکمل مراحل ایک جامع ڈیجیٹل ریکارڈ کی صورت میں محفوظ ہوں گے، جس سے حکومتی فیصلوں کا مستقل اور مؤثر ادارہ جاتی ریکارڈ تشکیل پائے گا۔

Exit mobile version