چین نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شِنگ (Liu Haixing) نے آج راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی روابط، ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان چین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔
