عبدالصمد انقلابی کا جناب الطاف حسین وانی کے والد محترم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

عبدالصمد انقلابی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما جناب الطاف حسین وانی کے والد محترم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ والد کا سایہ انسان کی زندگی کی ایک عظیم نعمت ہوتا ہے، اور اس کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے جناب الطاف حسین وانی، ان کے اہلِ خانہ اور تمام سوگواران سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں بلند درجات نصیب فرمائے۔

سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ ایسے ہزاروں کشمیری خاندان ہیں جنہوں نے پاکستان سے اپنی محبت، نظریاتی وابستگی اور تحریکِ آزادی کے لئے اپنے پیاروں سے جدائیاں برداشت کیں،آج بھی بہت سے خاندانوں کے افراد جموں و کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں بٹے ہوئے ہیں مگر ان کے دل ایک ہی مقصد کے لئے دھڑکتے ہیں ۔ سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ الطاف وانی جیسے حریت رہنماؤں کے خاندانوں نے بھی اس جدوجہد میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اپنے پیاروں سے دور رہ کر بھی انہوں نے کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے وابستگی کے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیا۔عبدالصمد انقلابی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور الطاف وانی سمیت تمام اہل ِخانہ کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

Exit mobile version