اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وفود نے خواتین سے متعلق نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کی حکومت، وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ اہتمام دو روزہ کانفرنس کی میزبانی کر رہی ہے، جس کا موضوع "او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، اقتصادی اور سیاسی بااختیار بنانا: چیلنجز اور آئندہ کا لائحہ عمل” رکھا گیا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے وفود کا استقبال وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق، پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر سمیت وزارتِ انسانی حقوق، وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے کیا۔
او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں رکن ممالک کے خواتین اور خاندانی امور کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، او آئی سی کے ذیلی اداروں کے نمائندے، بین الاقوامی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے وفود شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں او آئی سی ممالک میں خواتین کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی بااختیار بنانے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ پاکستان کی جانب سے نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی صدارت سنبھالیں گے۔
پاکستان بطور چیئرمین کانفرنس کی کارروائی کی قیادت کرے گا اور او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر مکالمے کو فروغ دینے، باہمی اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور مسلم دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
