وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے یہ بات آج کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملے، جن میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ریاست کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے شہریوں کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے اور "فتنہ الخوارج” کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیاں جلد دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا باعث بنیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن، خصوصاً مشرقی ہمسایہ ملک، دہشت گرد گروہوں کو مالی اور عسکری معاونت فراہم کر رہے ہیں جبکہ افغان سرزمین سے بھی دہشت گرد حملے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کی بڑھتی ہوئی عالمی ساکھ، سفارتی کامیابیوں اور حالیہ اسٹریٹجک کامیابیوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومتِ بلوچستان سے مشاورت کے بعد دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کی قربانیاں ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد بنیں گی۔

اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے شرکت کی۔

Exit mobile version