ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کرنے کے لیے مکمل عزم، واضح حکمتِ عملی اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
راولپنڈی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے متعلق میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندستان کے دہشت گرد بلوچستان میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے 54 خوارج کو ہلاک کیا، جبکہ 42 افراد جن میں بہادر شہری اور بلوچستان پولیس کے جوان شامل ہیں، جامِ شہادت نوش کر گئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور پاکستان کے دیگر دشمن عناصر ان دہشت گرد سرگرمیوں کے پیچھے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے استحکام، ترقی اور وقار کو برداشت نہیں کر سکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں کو اپنی کارروائیوں کے لیے بطور بیس استعمال کر رہے ہیں اور انہیں وہاں سے سہولت کاری اور افرادی قوت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ عناصر اس بات سے پریشان ہیں کہ پاکستان تمام غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے اپنے فیصلے پر عمل درآمد کر رہا ہے، تاہم وہ پاکستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہو یا اس کا سہولت کار، کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا اور ہر ایک کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
