
پاکستان اور ترکیہ کا ایک دوسرے کے بنیادی قومی مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مؤقف اور اہم قومی معاملات پر بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آج استنبول کے واحد الدین محل (Vahdettin Palace) میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت دونوں ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آف شور اور آن شور پیٹرولیم کی تلاش، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان نے دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے اپنی مکمل وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے امن عمل کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی سفارتی رابطوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے مسلسل اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم اور ترک صدر نے اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے بنیادی قومی مفادات اور اہم قومی معاملات پر ایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے دورے کی پُرخلوص دعوت بھی دی۔















