نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں کا جائزہ، انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں اس ماہ پاکستان میں منعقد ہونے والی او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کانفرنس کی تیاریوں کے آخری مرحلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں مجوزہ پروگرام، کانفرنس کے ایجنڈے، پروٹوکول، سیکیورٹی، لاجسٹک انتظامات، میڈیا اور ابلاغی حکمت عملی، بین الوزارتی رابطوں اور دیگر انتظامی امور پر غور کیا گیا۔

اعلیٰ سطحی کمیٹی نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ کانفرنس کے تمام انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ اس اہم بین الاقوامی اجلاس کی کامیاب میزبانی یقینی بنائی جا سکے۔ کانفرنس میں اسلامی تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک شرکت کریں گے، جہاں خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی شمولیت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔

دو روزہ او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کا آغاز 12 جولائی سے ہوگا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے کی گئی پیش رفت کو سراہتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے اور باقی ماندہ انتظامات مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ کانفرنس کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version