پائیدار ترقی کے لیے آبادی اور قومی وسائل میں توازن ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے آبادی اور قومی وسائل کے درمیان توازن قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں آبادی کی فلاح و بہبود سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور ترقی کے اہداف کے حصول میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا پہلا اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے اور اس کا انتظامی ڈھانچہ فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ قومی سطح پر آبادی سے متعلق مؤثر پالیسی سازی ممکن ہو سکے۔
وزیرِاعظم خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم، گلگت بلتستان کے وزیرِاعلیٰ اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی کے اقدامات سے منسلک کیا جائے گا جبکہ خواتین کی تعلیم اور معاشی خودمختاری کو آبادی کے انتظامی حکمتِ عملی کا اہم حصہ بنایا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ آبادی میں متوازن اضافے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر یہ بھی کہا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران جیسے ممالک نے آبادی پر قابو پانے کے مؤثر پروگرام کامیابی سے نافذ کیے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک گیر مہم پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی، جبکہ اس کا سیکرٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔

Exit mobile version