پاکستان اور سعودی عرب کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور سعودی عرب نے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح التامی البقامی کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں تعلیمی اور ثقافتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراکِ عمل کو وسعت دینے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قریبی رابطہ کاری اور عملی تعاون کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

↑
Exit mobile version