وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، برآمدات اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں کاروباری اور برآمدی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خزانہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور وزارت تجارت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ تجارت کو آسان بنایا جا سکے اور ملک کے برآمدی شعبے کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
اجلاس میں تجارت کے فروغ، صنعتی مسابقت بڑھانے اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے مختلف پالیسی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے ڈرابیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (DLTL)، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ اور ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران ان منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے اور ان پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
کاروباری برادری کے نمائندوں نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، انتظامی کارکردگی بہتر بنانے اور پاکستان کی برآمدی مسابقت کو مزید مضبوط کرنے سے متعلق اپنی آراء بھی پیش کیں۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل مشاورت اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
