قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے جمعہ تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے امتزاج کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث پہاڑی اور حساس علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (Glacial Lake Outburst Floods)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
