بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو مختلف کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں ضلع کچھی اور ضلع وڈھ میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

↑
Exit mobile version