پاکستان اور چین کے درمیان کیپٹل مارکیٹ تعاون میں تاریخی سنگِ میل

پاکستان اور چین کے درمیان کیپٹل مارکیٹ کے شعبے میں تعاون نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مشترکہ منصوبے سروس لانگ مارچ ٹائرز کی تاریخی لسٹنگ کا آغاز کر دیا گیا۔

یہ کمپنی پاکستان کے سروسز گروپ اور چین کی چاؤیانگ لانگ مارچ ٹائر کمپنی کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں چینی سرمایہ کاری سے قائم کسی کمپنی کی پہلی عوامی لسٹنگ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے ابتدائی عوامی شیئرز کی فروخت (آئی پی او) کے ذریعے تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر جمع کیے گئے، جو پاکستان کی تاریخ کا نجی شعبے کا سب سے بڑا ابتدائی عوامی شیئرز کا اجرا ہے۔

حکام کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور مالیاتی انضمام کے فروغ کی عکاس ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری سے ملک میں ٹائر سازی کی مقامی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور برآمدات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

دونوں ممالک نے مارکیٹ انفراسٹرکچر، ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) سمیت نئے سرمایہ کاری کے منصوبوں اور اسلامی مالیاتی نظام کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

Exit mobile version