وزیر مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے آئندہ سال حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے تعاون سے حج نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا ہے تاکہ شفافیت، سہولت اور تیز رفتار خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 کی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر ہوگی اور یہ سرکاری و نجی دونوں حج اسکیموں کے لیے لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کرائی جا سکے گی۔

سردار محمد یوسف نے وضاحت کی کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا ضروری ہوگا جس کی معیاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک برقرار ہو۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابتدائی رجسٹریشن پاسپورٹ کے بغیر بھی کروائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کروا سکیں گے، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رجسٹریشن گھر بیٹھے آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ ’’پاک حج‘‘ (Pak Hajj) کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کے لیے سعودی حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

ایک اور سوال پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ رواں سال کا حج پاکستان کی تاریخ کا کامیاب ترین حج ثابت ہوا اور پاکستانی عازمین حج انتظامات سے بے حد مطمئن رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا گیا، جبکہ سعودی حکومت اور پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا۔

Exit mobile version