صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے واقعات پوری قوم کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور اسے شکست دے کر رہے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بنوں میں بم دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، امن اور پاکستان کے استحکام کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، تاہم ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے گی، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔
