بنوں میں سڑک کنارے نصب بم دھماکوں سے 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق سڑک پر نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر مسافر وین میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ڈی پی او نے بتایا کہ کچھ دیر بعد دوسرا دھماکا ہو گیا، جس کی زد میں آ کر امدادی کارروائی کرنے والے 2 افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق دوسرے دھماکے سے ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا بتانا ہے کہ مسافر وین گاؤں ہاتھی خیل سے بنوں آرہی تھی۔
