مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے قومی ترقی کے لیے 16 ارب 90 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مزید چھ بڑے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن کی مجموعی لاگت 418 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔ ان منصوبوں کو مزید غور و خوض اور حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو بھجوا دیا گیا۔
اجلاس کے دوران توانائی کے شعبے سے متعلق منصوبوں پر غور کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ توانائی کا تحفظ حکومت کے "اڑان پاکستان” پروگرام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد معاشی ترقی کو تیز کرنا، صنعتی مسابقت کو فروغ دینا اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہے۔
احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی معیشت کو مستحکم بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
