نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی جانب ہونے والی حوصلہ افزا پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مثبت پیش رفت خطے میں پائیدار امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا باعث بنے گی۔
اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور مستقبل میں ہونے والی پیش رفت پر باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
