آزاد کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جموں کشمیر ایکشن کمیٹی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی فرسٹ شیڈول میں شامل ہیں، عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے کام کرنے والی تنظیم کو فرسٹ شیڈول میں شامل کردیا گیا، تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے تنظیم کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی، تنظیم کے خلاف امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے معقول شواہد ہیں، تنظیم ریاست میں انتشار پیدا کرنے میں ملوث پائی گئی۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق تنظیم عوام کو خوفزدہ، معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں ملوث ہے، تنظیم پر نفرت کو فروغ دینے اور امن کو متاثر کرنے کے الزامات ہیں۔محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے ایکشن کمیٹی کے تمام متبادل نام بھی نوٹیفکیشن میں شامل کردیے، نوٹیفکیشن میں کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہےکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی تھی، اس حوالے سے ترجمان آزاد کشمیر حکومت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دی جاسکتی، امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔آزاد کشمیر حکومت کی جانب سےکہا گیا کہ 38 میں سے 35 مطالبات تسلیم ہونے کے بعد بھی احتجاج پر اصرار عوامی مفاد نہیں بلکہ سیاسی ضد ہے، پُرامن احتجاج جمہوری حق ہے، مگر راستے بند کرنے اور عوامی زندگی مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
