صدر،وزیراعظم کا ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماحول کے تحفظ ، قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور زیادہ مستحکم پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

آج منائے جانے والے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی اور ماحولیاتی امور کے بارے میں بین الاقوامی تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی نظام کی بحالی، قابلِ تجدید توانائی، قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا۔

صدر نے عوام پر زور دیا کہ وہ پانی کا ذمہ دارانہ استعمال کریں،آلودگی میں کمی لائیں، جنگلات کا تحفظ کریں، حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھیں اور توانائی کے صاف ذرائع کو فروغ دیں۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم ماحولیات کا موضوع ”موسمیاتی اقدامات” اس حقیقت کی مؤثر یاددہانی ہے کہ انسانیت کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری، مربوط اور عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

Exit mobile version