وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے میگا پروجیکٹس بالخصوص ایم ایل ون، ایم ایل تھری اور تھر کول ریل منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے کام کریں۔وہ آج اسلام آباد میں پاکستان ریلوے کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میگا پروجیکٹس کی معیاری اور بروقت تکمیل سے تعمیری لاگت میں کمی اور قیمتی سرمایہ بچایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ میں ریلوے کے میگا منصوبوں کیلئے بجٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فریٹ سروس میں سرمایہ کاری اور میگا منصوبوں کی بروقت تکمیل، ریلوے کی پالیسی ترجیحات ہونی چاہئے۔شہبازشریف نے ہدایت کی کہ ریلوے کے جاری میگا منصوبوں میں مالی اور ادارہ جاتی انتظامات کی پیشگی منظوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تعطل اور تاخیر سے بچا جاسکے ۔
