وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت، ہوٹلنگ، رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وہ آج اسلام آباد میں قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین العلی کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تعمیر گروپ کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے۔
ملاقات کے دوران تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین العلی نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں جاری اور مجوزہ سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
وفد نے بتایا کہ گروپ پاکستان کے ہوٹلنگ، رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ کئی منصوبوں پر پہلے ہی کام شروع کیا جا چکا ہے۔
محمد حسین العلی نے پاکستان میں گروپ کی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت اور حکومت کے معاشی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات کو سراہا۔
محمد حسین العلی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثبت اقدامات کر رہی ہے۔
