وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وہ آج اسلام آباد میں ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کی ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے پلانٹ لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔
انہوں نے خریف اور ربیع سیزن کیلئے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے اور متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کھاد کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے اور خریف کی فصلوں کیلئے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔
