قومی غذائی تحفظ کے وزیر رانا تنویر حسین نے افزائشِ حیوانات کے شعبے میں ٹیکسوں کو معقول بنانے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ کسانوں کی معاونت کی جا سکے اور اشیا کی قیمتیں قابلِ برداشت رہیں۔اسلام آباد میں بجٹ سے قبل مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک زرعی شعبے کا تقریباً ساٹھ فیصد حصہ ہے اور یہ ملکی غذائیت کے ساتھ برآمدات کے لیے بھی نمایاں صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں نرمی سے پیداوار اور آمدنی دونوں میں اضافہ ممکن ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ دودھ پر جنرل سیلز ٹیکس میں کمی ممکن ہے جبکہ پاسچرائزیشن کے پائلٹ منصوبوں اور محفوظ دودھ پیدا کرنے والے شہروں کے قیام جیسی تجاویز زیرِ غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ دودھ کے معیار میں بہتری اور اس شعبے کو باقاعدہ بنانا مستقبل کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔
