قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت گندم کی خریداری کاعمل آسان بنا کر کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وہ اسلام آباد میں گندم سے متعلق جائزہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے اور غذائی تحفظ برقرار رکھنے کے لیے وافر مقدار میں گندم موجود ہے۔انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گندم کی بلاتعطل بین الصوبائی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے۔
