وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے گھر کی ملکیت کیلئے کم اور متوسط آمدنی والے طبقوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے ”وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام ”کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بیس سال کی ادائیگی کی مدت کے ساتھ ایک کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔
پہلے دس سال کے لیے مارک اپ کی شرح پانچ فیصد ہوگی جس کے بعد باقی ماندہ مدت کیلئے مارکیٹ کے نرخوں کے مطابق اس کا تعین کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے سال کیلئے پچاس ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے تین سو اکیس ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگلے چار سال میں پانچ لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس پروگرام کے تحت دس مرلہ تک کے گھر تعمیر کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ اس ہاؤسنگ پروگرام سے صنعتوں اور معیشت کو تقویت ملے گی اور خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ قرضوں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے اور اس عمل میں درپیش کسی بھی قسم کی رکاوٹ دور کرنے کیلئے ذاتی طور پر مہینے میں کم از کم ایک بار پروگرام کا جائزہ لیں گے ۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان ہوگا۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے کامیاب درخواست گزاروں میں چیک بھی تقسیم کئے۔
