صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے انقلابی رہنما مائوزے تُنگ کے آبائی شہر شاوشان کا دورہ کیا۔انہوں نے اسٹیچو اسکوائر میں چیئرمین ما وکے مجسمے پر پھولوں کا گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر کا استقبال سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور شاشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ژانگ شی ہوئی نے کیا، جنہوں نے انہیں ماوزے تُنگ کی زندگی، جدوجہد اور ابتدائی دور سے آگاہ کیا۔
صدر کو بریفنگ دی گئی کہ یہ یادگاری ادارے تاریخی مواد کے تحفظ اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں صدر نے ماوزے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے کے مختلف پہلوں سے آگاہ کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے ماوزے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ قومی ترقی میں تاریخی شعور کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔صدر کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔
صدرمملکت کا چین کے انقلابی رہنما ماوزے تُنگ کے آبائی شہر شاوشان کا دورہ
