ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اصلاحات کی جا رہی ہیں، حنیف عباسی

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وسیع اصلاحات کی جا رہی ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس میں حفاظت، کارکردگی اور مسافروں کی سہولت اور آرام پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ریلوے اور پنجاب حکومت کے درمیان حالیہ معاہدے کو صوبے بھر میں خدمات بہتر بنانے کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا توقع ہے کہ روہڑی کراچی ریلوے ٹریک کو رواں سال ستمبر تک اپ گریڈ کرلیا جائے گا اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور محفوظ آپریشنز یقینی بنانے کیلئے اسی طرح کے منصوبے ملک بھر میں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خدمات کو مربوط کرنے اور شفافیت میں بہتری کیلئے ریلوے کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے مالیاتی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محصولات بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس کا ہدف مال برداری کے ذریعے 80 فیصد آمدنی حاصل کرنا ہے۔

حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ عوام ایکسپریس اگلے ماہ کی تیس تاریخ سے پشاور سے چلائی جائے گی۔

Exit mobile version